جیل چوک میں جاری سیوریج منصوبہ پر 90فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ جیل چوک میں جاری سیوریج منصوبہ پر 90فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہر میں سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے حکومت پنجاب نے 800ملین روپے مختص کئے ہیں ان فنڈز سے 2نئے ڈسپوزل اسٹیشنوں کی تعمیر اور نئی سیوریج سکیموں کے لئے تجاویز کو حتمی شکل دی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیل چوک، رامتلائی چوک، شادیوال روڈ، بھمبر نالہ، ہریاوالہ چوک کے دورہ کے موقع پر کیا، ایکسین پبلک ہیلتھ اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جیل چوک تا بولے سیوریج منصوبے پر 36کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ ہے، ضلعی انتظامیہ اس پراجیکٹ پر کام کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے کوشاں ہے، سیوریج منصوبے پر 90فیصد سے زائد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ افسران اور متعلقہ کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ مون سون کے آغاز سے قبل منصوبے کو ہر صورت مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ عوامی نمائندوں کی کاوشوں سے حکومت پنجاب نے گجرات میں سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے 800ملین روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے، ان فنڈز سے رامتلائی چوک تا شادیوال روڈ، اختر شاہ کالونی، فیروز آباد، رحمان آباد سمیت ملحقہ علاقوں سے نکاسی آب کے منصوبے کی تیاری جاری ہے، نکاسی آب کی اس سکیم کیلئے ہریاوالہ میں ڈسپوزل اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شادمان کالونی، بادشاہی روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں کیلئے الگ سیوریج اسکیم تیار کی جارہی ہے جس کے تحت سیوریج کاپانی نالہ بھمبر میں ڈالا جائے گا اور اس مقصد کیلئے وہاں بھی ڈسپوزل اسٹیشن بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں