لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مسلم لیگ ق ہماری اتحادی ہے ، ہر اچھے برے وقت میں حکومت کا ساتھ دیا ، آصف زرداری کا گٹھ جوڑ کر کے پنجاب میں جگہ بنانے کا خواب پورا نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاستدان آپس میں ملتے رہتے ہیں ، میل ملاپ سیاست کا حسن ہے ، ملاقاتوں کی خبروں کو بڑھا چڑھا کر چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا جاتا ہے ، ق لیگ سے اتحاد کچے دھاگے سے نہیں بندھا جو ٹوٹ جائے گا، پرویز الٰہی، آصف زرداری کی ایک ملاقات سے یہ اتحاد نہیں ٹوٹے گا۔آصف زرداری نے رائے ونڈ میں تیتر بٹیر کھا کر جیالے کی تدفین کر دی ہے جس کے بعد جیالوں نے پی ٹی آئی کا رخ کیا ، اینٹی نواز شریف ووٹ نے پی ٹی آئی کو طاقت دی ۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم ڈٹ کر ، جم کر ن لیگ کو ان کے سیاسی گڑھ میں شکست دیں گے ، تحریک انصاف پنجاب میں جگہ بنا چکی ہے ، پیپلزپارٹی کاپنجاب میں اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں ، جہانگیر ترین اپنی جماعت کے ساتھ ہیں وہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے عدم استحکام ہو۔