سرائے عالمگیر (محمد اسماعیل چوہدری) شدید گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے جہاں ہر دوسرا فرد اذیت میں مبتلا ہے وہاں عوام الناس کو بجلی کی فراہمی کو بروقت بحال کرنے کے لیے واپڈا کے اہلکار اپنی جان ہتھیلی پہ لیے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں۔سرائے عالمگیر میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے ذرائع کے مطابق آئیسکو کے ملازم چوہدری عبدالوحید نواحی گاوں جگو میں ٹرانسفارمر ٹھیک کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے واپڈا ملازم چوہدری عبد الوحید تیز آندھی و بارش کے دوران اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوئے گاوں جگو میں بجلی کا ٹرانسفارمر ٹھیک کر رہے تھے کہ اچانک کرنٹ لگنے سے زندگی کی بازی ہار گئے مرحوم کی نعش جب نواحی گاوں ڈاک جٹاں لائی گئی تو کہرام برپا ہوگیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی واقع کی اطلاع ملتے ہی محکمہ آئیسکو کے افسران و ملازمین موقع پرپہنچ گئے ۔ لائن سپرٹنڈنٹ چوہدری عبد المجید کے بھائی چوہدری عبد الوحید آئیسکو میں تقریبا 25 سال سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے مرحوم کو ان کے آبائی گائوں ڈاک جٹاں میں سپرد خاک کیا جائیگا۔
اس افسوسناک واقعہ پر چیئرمین واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکر یونین صابر صدیق صابری نے لائن مین عبدالوحید کے اچانک وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واپڈا اہلکار موسم کی شدتوں سے بے نیاز گرمی سردی بارش اور طوفان میں عوام الناس کو بجلی کی فراہمی کے لیے 24گھنٹے سرگرم عمل ہوتے ہیں ۔راجڑ سب ڈویژن میں ڈیوٹی پر تعینات عبدالوحید کی دوران ڈیوٹی اچانک وفات کی خبر سن کا دلی طور پر دکھ ہوا ہے
عوام الناس کو بھی چاہیے کہ شدید گرمی کے موسم میں لوڈ شیڈنگ کے دوران ایسے کٹھن حالات میں واپڈا اہلکاروں سے تعاون کریں اور کام کرنے والے اہلکاروں کو بجلی بحالی کے کام کے دوران ان اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے حفاظتی اقدام کی تلقین ضرور کریں کیونکہ یہ اہلکار بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں چیئرمین صابر صدیق نے واپڈا اہلکاروں سے بھی اپیل کی ہے کہ اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے تمام حفاظتی اقدامات کو اپنا کر اپنا کام سرانجام دیں ۔