جہلم/سرائے عالمگیر (محمد اسماعیل چوہدری) ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کے گائنی وارڈ میں دو چہروں والے بچے کی پیدائش ہوئی ہے جس کی چار آنکھیں، دو منہ اور دو ناک ہیں۔ ڈیوٹی ڈاکٹرز کے مطابق بچے کی پیدائش نارمل ڈیلیوری سے ہوئی، بچہ کو انتہائی نگہدائش وارڈ میں رکھا گیا تھا تاہم اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کو راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز بچے کے آپریشن کرنے یا نہ کرنے کا بتا سکتے ہیں۔
ڈاکٹرز نے بچے کی صحت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بچے کی پیدائش قدرت کا امر ہے۔ ذرائع کے مطابق بچے کے والدین کا تعلق نواحی علاقہ ناڑہ سے ہے تاہم بچے کی پیدائش پر والدین تشویش میں مبتلا ہیں اور میڈیا سے بات کرنے سے معذرت کرلی۔