گجرات/ سرائے عالمگیر (محمداسماعیل چوہدری سے) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کیلئے ڈی سی کمپلیکس میں “ہاؤس آف اووسیز” جلد قائم کر دیا جائے گا، بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے ضلع اور تحصیل سطح پر لیگل ایڈکمیٹیاں قائم کی جائیں گی اوران کی شکایات اور مسائل کے حل کے لئے ٹائم فریم مقرر کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے ضلعی اوور سیز پاکستانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایم پی اے میاں اختر حیات، فوکل پرسن/ اے سی گجرات وقار حسین، اے سی کھاریاں خالد عباس، اے سی سرائے عالمگیر احسن ممتاز، ڈسٹرکٹ اٹارنی میڈیم شکیلہ بھی موجود تھیں۔
ڈپٹی کمشنر وسیم مہتاب اظہر نے بتایا کہ ہاؤس آف اوور سیز کا قیام کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کے وژن کا عکاس ہے، اس مقصد کے لئے فوکل پرسن کے دفتر میں ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ” سیونگ ایکسپیٹس کمیٹی” کے ضلعی سطح پر اے ڈی سی جی سربراہ ہوں گے جبکہ تحصیل سطح پر اسسٹنٹ کمشنر ز کمیٹی سربراہی کریں گے،لیگل ایڈ کمیٹیاں اوور سیز کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے کام کریں گی، اس کے ساتھ زیر التوا کیسز کا جائزہ لیا جائے گا، یہ کمیٹیاں اوورسیز کے مسائل کے حل تجویز کریں گی، کیسز کا موثر فالو اپ ہو گا جبکہ ہر ہفتے میں دو بار اس کی میٹنگز ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر وسیم مہتاب اظہر نے بتایا کہ ضلع اور تحصیل لیول پر ڈسٹرکٹ لینڈ سکروٹنی کمیٹی بھی بنائی جائیں گی جس کے سربراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو اور تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر ز ہوں گے، یہ کمیٹیاں اوور سیز کے لئے ایک ہفتے میں لینڈ کلیرنس سرٹیفیکیٹ جاری کریں گی، زمین یا جائیداد پر قبضہ کے معاملات ایک ماہ میں نمٹائے جائیں گے جہاں درکار ہوگا ریکارڈ درستگی کے معاملات 15 دن میں ڈسٹرکٹ کلکٹر کو بھیجوانا ہوں گے،اوور سیز کو فرد ملکیت 24 گھنٹے میں جاری ہوگا، انتقالات ملکیت3 دن، نشاندہی 15 دن، درستگی ریکارڈز15 دن، تقسیم 60 دن اور اوور سیز سے متعلقہ ریو نیو کیسز بھی 60 دن میں نمٹائی جائیں گے۔ قبل ازیں کمیٹی نے اوور سیز کی شکایات کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام زیر التوا شکایات آئندہ اجلاس سے پہلے نمٹائی جائیں۔