لاہور: گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ عمران خان قومی امنگوں کے ترجمان اور کشمیر کے سفیر ہے، اپوزیشن کو آزاد کشمیر انتخابات میں واضح شکست کا خوف کھائے جا رہا ہے، آزاد کشمیر کا صدر اور وزیر اعظم پاکستان تحر یک انصاف سے ہوگا۔
گورنر پنجاب سے کوارڈی نیٹر سید عظمت علی شاہ اور وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں 25 جولائی کو کپتان کے کھلاڑیوں کی ہی جیت ہوگی، پاکستان درست سمت میں کامیابیوں سے آگے بڑھ رہا ہے، حکومت بزنس کیمونٹی سمیت تمام شعبوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے، کمزور طبقے کو اوپر لانے کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔
چودھری سرور کا کہنا تھا کہ افغان نائب صدر کا پاکستان کیخلاف منفی پروپگنڈہ خطے میں امن کیخلاف سازش ہے، افغان حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، امن کیلئے خطے میں پاکستان نے سب سے زیادہ قر بانیاں دیں، پاکستان امن و استحکام کیلئے تمام افغانیوں کی حمایت کرتا ہے۔