Saudi-Arab-vaccintion

مکمل ویکسینیشن پر سیاحوں کو اتوار سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت

سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسافر جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہیں انہیں قرنطینہ کے بغیر مملکت میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ اس کے لیے انہیں صرف اپنے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی ضرورت ہوگی۔

عرب نیوز کے مطابق مختلف ممالک سے طے شدہ معیار پر پورا اترنے والے سیاح یکم اگست سے سعودی عرب میں داخل ہو سکیں گے۔

وزارت سیاحت کی جانب سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مکمل طور پر ویکسینیٹڈ افراد وہ ہوں گے جنہیں مملکت میں منظور شدہ ویکسینز کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہوں گی، ان میں فائزر، ایسٹرا زینیکا اور موڈرنا شامل ہیں۔

سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی ویکسین کی خوراک سے متعلق معلومات اس مقصد کے لیے بنائے گئے نئے الیکٹرانک پورٹل میں داخل کروائیں۔

ان کا ڈیٹا ’توکلنا‘ ایپلی کیشن پر بھی ریکارڈ کیا جائے گا اور اسے مملکت میں دیگر جگہوں میں داخلے کے لیے دکھانا ہوگا۔

اس حوالے سے وزیر سیاحت احمد الخاطب کا کہنا ہے کہ ’ہم پھر سے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم بہت خوش ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے بعد مملکت میں پھر سے مہمان آئیں گے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جب سب بند تھا اس وقت ہم نے تمام شعبوں میں اپنے قریبی ساتھیوں کے ساتھ شراکت داری کی کوشش کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سعودی عرب آنے والے سیاح یہاں کے سیاحتی خزانوں اور اہم مقامات سے لطف اندوز ہو سکیں اور سعودی معاشرے کی ثقافت اور مہمان نوازی دیکھیں۔‘

واضح رہے سعودی عرب کی جانب سے ملک میں سیاحت کے فروغ کےلیے 49 ممالک کے شہریوں کو آن لائن سیاحتی ویزے جاری کیے جارہے تھے جبکہ یورپی ممالک کا مشترکہ ویزہ رکھنے والوں کے علاوہ امریکہ اور برطانیہ کا ویزہ رکھنے والوں کے لیے آن ارائیول ویزہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔

آن لائن ویزے کی سہولت میں پاکستان، بھارت ،بنگلہ دیش اور انڈونیشیا کے علاوہ بعض افریقی ممالک شامل نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں