فرانس (حمید چوہدری سے) کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد سے جہاں غیر ملکی شہریوں کے ملک سے انخلاء کا سلسلہ جاری ہے وہیں اب افغان پروڈیوسر شیر بانو سعادت بھی فرانسیسی حکام کی مدد سے کابل سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
امریکی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں شیر بانو سعادت نے افغانستان چھوڑنے سے متعلق گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے لوگوں اور فرانسیسی حکام کی مدد سے کئی دنوں کی کوششوں اور طالبان کی چوکیوں سے گزرنے کے بعد اپنی فیملی کے 9 افراد کے ہمراہ ائیر پورٹ پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران فرانسیسی حکام کی جانب سے ان کی اور اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال کی گئی۔
شیر بانو نے بتایا کہ وہ افغانستان سے بحفاظت ابوظبی پہنچیں جہاں سے جلد یورپ روانہ ہوجائیں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیربانو نے پچھلے ایک ہفتے کے دوران کئی بار کابل چھوڑنے کی کوششیں کیں لیکن کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ پر انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ افغان فلم ساز شیر بانو سعادت نے 2016 میں اپنی پہلی فیچرفلم ’دی رورل افغانستان سیٹ وولف اینڈ شیپ‘ کے لیے کانز فیسٹیول میں ٹاپ ڈائریکٹرز کا فورٹ نائٹ ایوارڈ جیتا تھا جب کہ وہ 3 سال بعد اپنی اگلی فالو اپ فلم ’ دی اورفنیج ‘ کے ساتھ دوبارہ منظر عام پر آئیں۔