افغانستان : کابل ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ تین امریکی فوجیوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کابل ایئرپورٹ کے باہر دھماکے کی پنٹاگون پریس سیکریٹری نے بھی تصدیق کردی۔
ترجمان پنٹاگون کا کہنا تھا کہ کابل ایئرپورٹ پر دھماکے میں جانی نقصان کے متعلق ابھی واضح نہیں ہیں۔
دوسری جانب عرب میڈیا کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اس دھماکے میں بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 3 امریکی فوجیوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ کی حدود میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں، جبکہ دھماکے کے بعد طالبان نے ایئرپورٹ کے اطراف کی سیکیورٹی سخت کردی۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کا ہدف کابل ایئرپورٹ کے باہر جمع لوگ تھے۔