جمیکا (نئی دنیا )ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے فیصلے پر مایوسی ہوئی ہے، ہم نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جیسے ممالک میں بھی حملے ہوتے دیکھے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ
پچھلے 6 سال سے پاکستان آرہا ہوں، ہمیشہ اچھا تجربہ رہا، جب 2017 میں آیا تھا ایسا لگا جیسے کسی دوسری دنیا میں کھیل رہے ہیں۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ پہلے لوگ پوچھتے تھے کہ کیا پاکستان جانا محفوظ ہے؟ مگر اب لوگ پوچھتے ہیں کہ پاکستان میں کھانا کہاں جاکر کھائیں؟۔سابق کپتان ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم نے کہا کہ آسٹریلیا میں بھی واقعات ہوتے دیکھے ہیں، دنیا میں ہر جگہ واقعات ہوتے ہیں لیکن وہاں کوئی شور نہیں مچاتا۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان میں حالات بدل چکے ہیں، یو اے ای میں میچز لے جانا پاکستان کی محنت خراب کرنا ہے، اگر فیلڈ ماہرین کہہ رہے ہیں پاکستان محفوظ ہے تو اعتماد کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 2 سے 3 سالوں میں پاکستان پر لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔