جہلم: (محمد اسماعیل چوہدری) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نیب کے ملزم ہیں، کیا ہم چورسے پوچھیں گے کہ آپ کا تفتیشی کون ہوگا؟ نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات نے الیکشن کمیشن کے نوٹسز پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کئی دفعہ اختلاف بھی ہوجاتے ہیں، الیکشن کمیشن کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے، الیکشن کمیشن کے ساتھ معاملات بہتر ہو جائیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کرکٹ کے حوالے سے ہم حقائق سامنے لائے توانگلینڈ بورڈ پر دباؤبڑھا ہے، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے انگلش بورڈ پر ناراضگی کا اظہار کیا، یہ ڈپلومیسی کی کامیابی ہے۔ پاکستان کی خوش قسمتی ہے پاکستان کا وقاربلند کرنے والا ملک میں وزیراعظم ہے۔ نوازشریف، اشرف غنی پیسہ لیکربیرون ملک ہے، ایک دبئی ، دوسرا لندن میں بیٹھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ماضی میں کبھی کسی لیڈرنے اس طرح کشمیرکا مقدمہ نہیں لڑا، ممبئی حملوں کے بعد پاکستان کے خلاف عالمی سازش شروع کردی گئی، نوازشریف جیسے سیاست دانوں کو اپنی ذات سے آگے کوئی چیز نظر نہیں آتی، نوازشریف اوراشرف غنی ایک جیسی زندگی گزاررہے ہیں کیونکہ عوام کا ان سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نیب کے ملزم ہیں، کیا ہم چورسے پوچھیں گے کہ آپ کا تفتیشی کون ہوگا؟ یہ طے ہے کہ نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں اپوزیشن لیڈر سے مشاورت نہیں کریں گے۔
اپوزیشن پر طنز کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عالمی لیڈرشپ اس وقت عمران خان کو دیکھ رہی ہے یہ ان کوجیلسی ہے۔ انہوں نے اگلے پانچ سال بھی ایسے روتے ہوئے گزارنے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بکھر گئی ہے، ان کے پاس ٹکٹ لینے والے امیدوار نہیں، انہوں نے پانچ، پانچ کروڑ آفردی ہماری ٹکٹ پر الیکشن لڑیں، مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کا یہ آخری الیکشن ہوگا، عمران خان ایک مرتبہ پھر جیت کرحکومت بنائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نریندرا مودی کو للکارا اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا، کلبھوشن یادیو کو گرفتارکیا تو نوازشریف نے کہا کمنٹ نہیں کرونگا، وزیراعظم ہرمعاملے میں عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔ عمران خان کی صورت میں وفاق کوجوڑنے والا لیڈرسامنے آیا ہے۔
میڈیا میں گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ شمالی پنجاب کے سب سے بڑے روڈ پراجیکٹ کا وزیراعظم نومبرمیں افتتاح کرینگے، نومبر میں وزیراعظم شمالی پنجاب کی سب سے بڑی موٹر وے کھاریاں سے اسلام آباد کا افتتاح کریں گے، اس سے لاہور سے اسلام آباد 100 کلو میٹر سفر کم ہو جائے گا، کروڑوں کی آبادی اس سے استفادہ حاصل کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جہلم میں کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں پی ٹی آئی کے کلین سویپ کرنے پرعوام کومبارکباد دیتا ہوں۔