وینزویلا دنیا میں سب سے سستا پٹرول فروخت کرنے والا ملک، ایران میں بھی قیمت صرف 10 روپے

 ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 4 روپے، وینزویلا دنیا میں سب سے سستا پٹرول فروخت کرنے والا ملک، ایران میں قیمت 10 روپے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اس وقت تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، خاص کر پٹرول کی فی لیٹر قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حکومت کا موقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت کئی برس کی بلند ترین سطح پر ہے، اسی باعث صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کا دعویٰ ہے کہ پاکستان اس وقت خطے میں سب سے سستا پٹرول فروخت کر رہا ہے، جبکہ کئی ایسے ممالک جو تیل کی دولت سے مالا مال ہیں، وہاں بھی پٹرول کی قیمت پاکستانی کرنسی میں 100 روپے سے زائد ہے۔

تاہم کچھ ممالک ایسے بھی ہیں جو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود سستا ترین پٹرول فروخت کر رہے ہیں۔ وینزویلا اس وقت پاکستانی کرنسی میں 4 روپے میں ایک لیٹر پٹرول فروخت کرتا ہے، جو کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں پٹرول کی سب سے کم قیمت ہے۔

جبکہ پاکستان کے پڑوسی ملک ایران میں فی لیٹر پٹرول کی قیمت 10 روپے ہے۔ ان ممالک کے علاوہ سعودی عرب میں پیٹرول 100 روپے فی لیٹر،ترکی میں150 روپے فی لیٹر، بنگلا دیش میں 176 روپے فی لیٹر ، چین میں 200 روپے فی لیٹر ،بھارت میں 254 روپے فی لیٹر، برطانیہ میں310 روپے سے زائد کی قیمت پر دستیاب ہے۔ جبکہ دنیا میں سب سے مہنگا پیٹرول ہانگ کانگ میں فروخت ہوتا ہے جہاں اس کی قیمت 400 روپے فی لیٹر سے زائد ہے۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت پٹرول کی فی لیٹر قیمت 127 روپے 30 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 99 روپے 51 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 122 روپے 4 پیسے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت 99 روپے 31 پیسے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں