ممبئی کی سیشن عدالت نے سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔
بدھ کو ممبئی کی سیشن عدالت نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے جواب جمع کرائے جانے کے بعد شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت پر طویل سماعت کی۔
دوران سماعت آریان خان کے وکیل امیت دیسائی نے موقف اختیار کیا کہ آریان کے پاس نقدی نہیں تھی اس لیے وہ منشیات خرید ہی نہیں سکتے تھے اور جب انہوں نے منشیات خریدی ہی نہیں تو انہوں نے لی بھی نہیں۔
ضمانت کی استدعا کرتے ہوئے انہوں نے کئی بار یہ بات دہرائی کہ آریان خان کے پاس سے کوئی منشیات نہین پائی گئیں اور صرف چھ گرام منشیات ارباز مارچنٹ کے پاس سے برآمد ہوئی۔
امیت دیسائی نے یہ بھی کہا کہ آریان خان کو کروز پر بھی موجود نہیں تھے۔
اس سے قبل جمعے کو ممبئی کی ایک عدالت نے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی، آریان خان کے وکیل ستیش منشندے نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2 اکتوبر کو نیشنل نارکوٹکس بیورو (این سی بی) کے چھاپے میں آریان خان کے قبضے سے منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی۔
تاہم عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد آریان خان اور ان کے ساتھ دو اور ملزمان ارباز مرچنٹ اور منمن دھامیچا کی ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔
جمعرات کے روز این سی بی نے ممبئی میں مجسٹریٹ کی عدالت میں استدعا کی تھی کہ آریان خان سمیت دیگر ملزمان کو 11 اکتوبر تک مزید ان کی تحویل میں دے دیا جائے۔ تاہم مجسٹریٹ نے این سی بی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 14 دن کے لیے جوڈیشل تحویل میں دے دیا تھا۔
شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔
آریان خان کی گرفتاری کے معاملے پر ریتک روشن، سنیل شیٹی، راکھی ساونت اور جونی لیور سمیت متعدد ستارے شاہ رخ خان سے اظہا یکجہتی کرتے نظر آتے ہیں۔