کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر پی ٹی آئی ملک میں مہنگائی کا سونامی لے آئی، پٹرول مہنگا کر کے حکومت عوام سے اپنی نااہلی کی قیمت وصول کر رہی ہے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھیں تو ہم نے بوجھ عوام پر نہیں ڈالا تھا، پیپلزپارٹی کی عوام دوست حکومت ہی ملک کو مہنگائی کے سونامی سے بچاسکتی ہے، بجلی، پٹرول ڈیزل مہنگا کرنا ثابت کرتا ہے عمران خان عوام دشمن وزیراعظم ہیں، ظالم حکومت سے نجات کے لئے عوام میرا ساتھ دیں۔
یاد رہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12 روپے 44 پیسے تک کا ریکارڈ اضافہ کیا گیا۔ حکومت نے پٹرول 10 روپے 49 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا۔ نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکشین کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے 44 پیسہ تک کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 134 روپے 48 پیسے ہوگئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 59 پیسے اضافہ کر کے نئی قیمت 110 روپے 26 پیسے مقرر کر دی گئی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد لائیٹ ڈیزل آئل کی قیمت 108 روپے 35 پیسے ہوگئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا، نئی قیمتیں 15 روز کے لئے نافذ ہوں گی۔