اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اگلے چند ماہ میں شاید قیمتوں میں ریلیف نظر نہ آئے تاہم آئندہ مارچ کے بعد بہتری ہوتی نظر آئے گی۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمرنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال گندم کی ریکارڈ فصل ہوئی ہے، گنے کی پیداوار کابھی اس سال ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جذباتی بات چیت نہیں تھی ، ہم نے اپنے ایکشن لئے تھے ، ہمیں فیصلے کرنا آتے ہیں ،کورونا میں زندگی موت کے فیصلے کرنے پڑے ۔
انہوں نے کہا کہ آج این سی او سی کے فوجی کمانڈر کا آخری ورکنگ ڈے تھا ، وہ قومی ہیروہیں۔ اس ایونٹ میں وزیر اعظم آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی موجود تھے،اس موقع پر الگ سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ بروقت فیصلے کرتے رہیں تو آئی ایم ایف بھی مان جاتا ہے،یہ بات درست ہے کہ کارٹلز کے خلاف مکمل کامیابی نہیں ملی۔