اسلام آباد: لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی، یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمانڈ کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے چارج سنبھالنے سے متعلق تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان آج حتمی مشاورت ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم آفس کو وزارت دفاع سے مختلف افسران کی فہرست موصول ہوئی، وزیراعظم نے تمام امیدواروں کے انٹرویو کیے۔ جس کے بعد لیفٹیینٹ جنرل ندیم احمد انجم کے نام کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری ہوا۔
نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021ء سے ہو گا۔ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021ء تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔