لاہور:سکیورٹی رسک کا بہانہ بناکر پاکستان سے بھاگنے والی کیویز ٹیم کے شاہینوں نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پر کاٹ ڈالے اور میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی5وکٹوں سے حاصل کی۔
شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ٹی 20ورلڈ کپ کا 19واں میچ کھیلا جارہا ہے جس میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر کیویز کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ:
بلیک کیپس کی جانب سے مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلا اوور ہی میڈن کروایا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پلے آؤٹ ہونے والے بیٹر مارٹن گپٹل تھے جنہوں نے 20گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 17رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مچل تھے جنہوں نے 20 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔ جیمی نیشم 2 گیندوں پر ایک سکور بنا کر محمد حفیظ کا نشانہ بن گئے۔
کپتان ولیمسن 25رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیون کونوے27رنز بناکر حارث رؤف کا شکار بنے ، گلین فلپس بھی 13سکور بناکر حارث کا نشانہ بنے،ٹم سیفرٹ 8رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جبکہ 8ویں آؤٹ ہونے والے بیٹر مچل سینٹنر تھے جو حارث کی گیند پر پویلین لوٹے۔ ڈیرل مچل اور ڈیون کونوے نے 27،27اورکپتان ولیمسن نے 25رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 134 رنز بنا سکی، پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستان کی بیٹنگ:
پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں نے ابتدائی لمحات میں محتاط انداز میں بیٹنگ کی، تاہم 6 ویں اوورز میں کپتان 9 سکور بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ قومی ٹیم کو دوسرا نقصان 47 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب فخر زمان سپنر سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
محمد حفیظ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی ، اس دوران انہوں نے 5 گیندوں پر 11 رنز بنائے تھے کہ سپنر سینٹر کی گیند پر کونوے نے شاندار کیچ تھاما۔ محمدرضوان 33 گیندوں پر 33 رنز بنا کر سوڈھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ عماد وسیم 10 سکور بناکر ٹرینٹ بولٹ کا شکار ہو گئے۔
اس دوران شعیب ملک اور آصف علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے دم دبا کر بھاگنے والی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کا ایک طرح سے سکیورٹی کا مسئلہ حل کرتے ہوئے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کروایا۔سینئر آل راؤنڈرنے27اور آصف علی نے 27رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جبکہ کیویز کی جانب سے سوڈھی نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستانی سکواڈ
پاکستان پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم ، محمد رضوان ، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، آصف علی،شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، حارث رؤف اور شاہین آفریدی شامل تھے۔
نیوزی لینڈ سکواڈ
نیوزی لینڈ پلیئنگ الیون میں کپتان کین ولیمسن ، مارٹن گپٹل ، ڈیرل مچل ، ڈیون کونوے ، گلین فلپس ، جیمی نیشم ، ایش سوڈھی ، مچل سینٹنر ،ٹم سیفرٹ، ٹم ساؤتھی اورٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔