پارلیمنٹ میں انتخابات ترمیمی بل 2021 پر تحریک کثرت رائے سے منظور ،تحریک کے حق میں 221 اور مخالفت میں 203 ووٹ آئے۔

اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں انتخابات ترمیمی بل 2021 پیش کرنے کی تحریک کثرت رائے سے منظور ہو گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے انتخابات ترمیمی بل 2021 پر ووٹنگ کی تحریک پیش کی۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک کی شدید مخالفت کی گئی لیکن اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک پر ووٹنگ کے لیے رائے شماری کا حکم دیا۔

تحریک کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے آئینی ماہرین نے اسپیکر ڈائس پر فروغ نسیم، رضا ربانی، اعظم نذیر تارڑ اور شیری رحمان نے آپس میں مشاورت کی اور اس دوران انتخابات ترمیمی بل تحریک پر گنتی ہوتی رہی۔

پارلیمنٹ نے انتخابات ترمیمی بل 2021 پر تحریک کثرت رائے سے منظور کرلیا ،تحریک کے حق میں 221 اور مخالفت میں 203 ووٹ آئے۔

اپوزیشن اراکین کی جانب سے ووٹوں کی گنتی کو غلط قرار دیتے ہوئے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر کے احتجاج کیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ گنتی پر ووٹنگ بالکل ٹھیک ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں