پیرس : چئیرمین کشمیر کمیٹی پاکستان شہر یار آفریدی کی طرف سے صحافی یونس خان کیخلاف نازیبا الفاظ،دھمکیوں پر پیرس میں مقیم پاکستانی صحافی برادری سراپا احتجاج

فرانس (حمید چوہدری سے) پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس کے زیر اہتمام ایک ا ہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں فرانس کی صحافی برادری نے شرکت کی- اجلاس میں وزیر امور کشمیر شہر یار خان آفریدی کی طرف سے پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس کے کنوئینر محمد یونس خان کے بارے میں ایک نجی محفل میں کی گئی نازیبا گفتگو کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی- اس موقع پر سینئر صحافی یونس خان نے نمائندہ نئی دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چئیرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی کیخلاف قانونی کاروائی کررہے ہیں جس کیلئے باضابطہ طور پر فرانس گورنمنٹ کو درخواست دی جائے گی۔
یاد رھے کہ 15 اکتوبر 2021 کو پیرس میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں صحافی یونس خان نے شہر یار خان آفریدی سے ایک سوال میں پوچھا تھا کہ کیا انہوں نے دورہ فرانس کے دوران فرانسیسی اتھارٹی سے بھی کشمیر کے بارے میں ملاقاتیں کیں- اس سوال کا شہر یار خان آفریدی موقع پر تو کوئی مناسب جواب نہ دے سکے مگر بعد میں وہ اس سوال پر کافی سیخ پا نظر ائے- اسی دوران انہوں نے اپنے میزبانوں کے ساتھ ایک نجی دعوت میں منتظمین جلسہ پر شدید غصے کا اظہار کیا اور صحافی یونس خان کے بارے میں بھی نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی، پاکستان جرنلسٹ فورم فرانس کے اس اجلاس میں شہر یار خان آفریدی کے اس روئیے کی شدید مذمت کی گئی- صحافیوں کا کہنا تھا کہ سوال کرنا صحافی کا حق ھے اور کسی بھی صحافی کو اس حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا- صحافیوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اس واقعے کا نوٹس لے اور شہر یار خان آفریدی کے خلاف صحافی کو ہراساں کرنے اور دھمکیاں دینے پر کاروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں