لاہور : ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے عامر خان کی قیادت میں شہباز شریف سے ملاقات کی ، ملاقات میں مریم اورنگزیب سمیت دیگر ن لیگی رہنما موجود تھے ۔ ملاقات کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا کہ ابھی تک تو اپوزیشن کی صورتحال واضح نہیں ہے ، مسلم لیگ ن کو ابھی پی ڈی ایم اور دیگر جماعتوں سے مشاورت کرنی ہے ، ہم نے جو بھی آج بات کی ہے اسے ایم کیو ایم پاکستان کی ہائی کمانڈ کے سامنے رکھا جائے گا ، پھر ملک کی بہتری کیلئے جو بھی ہوا وہ مل کر کریں گے ۔مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے آج کی ملاقات میں ایم کیو ایم سے گزارش کی ہے کہ وہ حکومتی حلیف ہونے سے زیادہ پاکستانی ہیں ، انہیں جلد ہی فیصلہ کرنا ہوگا ، تاخیر کے مرتکب ہوئے تو قوم ان سے سوا ل کرے گی ، ملک میں مہنگائی اس قدر ہے کہ والدین اپنے بچوں کے سکول کی فیس تک ادا کرنے سے قاصر ہیں ،اس طرح کی کرپٹ اور ناعاقبت اندیش حکومت کا کبھی تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، عمران خان کو صرف اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی فکر ہے۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں شہر قائد کیلئے فراہمی آب کیلئے بے شمار فنڈز مختص کئے گئے تھے ، ہم نے گرین لائن منصوبے کیلئے 25 ارب روپے خرچ کئے۔ عمران خان نے کراچی کیلئے جو 11سو ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا تھا ، پتہ نہیں اس کا کیا ہوا ۔