ماسکو (شِنہوا) روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ مغربی خطرات سے اپنے دفاع کا بنیادی ہدف حاصل ہونے تک روس یوکرائن میں اپنی خصوصی فوجی کارروائی جاری رکھے گا۔
سرگئی شوئیگو نے منگل کے روز اعلی دفاعی حکام کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد روس کو مغربی ممالک کی طرف سے لاحق فوجی خطرے سے بچانا ہے جو یوکرائنی عوام کو ہمارے ملک کے خلاف جنگ میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بات دوہرائی کہ روسی فوج یوکرائن کی سرزمین پر قبضہ نہیں کر رہی اور شہریوں کی جان بچانے اور ان کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔سرگئی شوئیگو نے کہا کہ میں اس بات پر زور دینا چاہوں گا کہ ہدف کو درست طور پر نشانہ بنانے والے ہتھیاروں کو استعمال کرتے ہوئے ان حملوں میں صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔