قطر (بیوروچیف)کھیل کے میدان سے اچھی خبر آئی ہے جہاں پر پاکستان کے16 سالہ احسن رمضان نے انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی۔
پاکستان کے 16 سالہ احسن رمضان نے عالمی سنوکر چیمپین شپ جیت لی، انہوں نے فائنل میں ایران کے عامر سرکوش کو شکست دی۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والی ورلڈ سنوکر چیمپین شپ کے فائنل میں احسن رمضان نے عامر سرکوش کو پانچ کے مقا بلے میں چھ سیٹ سے شکست دی ۔ وہ سنوکر کے عالمی چیمپین بننے والے دنیا کے تیسرے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں۔
احسن رمضان نے سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والےدفاعی چیمپین محمد آصف کو شکست دی تھی۔ انہوں نے محمد آصف کو چار کے مقابلے میں پانچ سیٹ سے شکست دی تھی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے چوتھی مرتبہ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا ہے، اس سے قبل محمد آصف دو بار اور محمد یوسف ایک بار ورلڈ چیمپئن بن چکے ہیں۔