سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی ) کا حالیہ فیصلہ منظور ہے لیکن اس سے مایوسی ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی ) کا حالیہ فیصلہ منظور ہے لیکن اس سے مایوسی ہوئی ہے۔

قوم سے براہ راست خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ اور پاکستان کی عدلیہ کی عزت کرتا ہوں، میں آزاد عدلیہ کی تحریک کے دوران جیل جاچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے آرٹیکل 5 کے تحت رولنگ دی، سپریم کورٹ کو بیرونی مداخلت کے معاملے کو دیکھنا چاہیے تھا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عدالت کو چاہیے تھا کہ وہ بیرونی مداخلت کا مراسلہ منگوا ا کر دیکھ تو لیتی،عدلیہ کا فیصلہ تسلیم کیا ہے لیکن مایوسی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک میں کھلے عام ہارس ٹریڈنگ ہوئی ، ارکان اسمبلی کو بھیڑ بکریوں کی طرح بند کیا گیا،ارکان اسمبلی کی بولیاں لگائی گئیں، بچہ بچہ دیکھ رہا تھا، یہ کون سی جمہوریت ہے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی جمہوریت مذاق بن گئی،ارکان اسمبلی کی ایسی کھلے عام خرید و فروخت تو بنانا ری پبلک میں بھی نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ رشوت دے کر کوئی خرید رہا ہے، رشوت لے کر کوئی بک رہا ہے،ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت شریف فیملی کے دور میں چھانگا مانگا سے شروع ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنتے دیکھنا خواب ہے،ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کا تماشا دیکھ کر دھچکا لگتا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے قوم سے ریکارڈ خطاب کے بجائے براہ راست کرنے سے متعلق فیصلہ قریبی رفقاء سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں