اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ اپوزیشن نے کسی قسم کی کوئی شرط نہیں مانی، آج عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی ہے، صرف یہی ایک ایجنڈا ہوسکتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب ایک بجےاٹھے ہوں گے اور 8 بجے کا کہنا شروع کردیا، عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ٹائم کا کوئی تعین نہیں کیا نہ کسی قسم کی شرط سنی جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی ہے اور صرف یہی ایک ایجنڈا ہوسکتا ہے، شاہ محمود کی تقریر بھی سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ کا تحریری حکم نامہ موصول ہونے کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ڈپٹی اسپیکر کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا حکم نامہ واپس لے لیا تھا جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس ہفتے کی صبح دوبارہ ساڑھے 10 بجے بلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ شامل ہے، آرٹیکل 95 کے تحت اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قرارداد پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی۔