اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے ہونے والا قومی اسمبلی کا اجلاس وقفے کے بعد تاخیر کا شکار ہے، جبکہ اپوزیشن ووٹنگ کی منتظر ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس نماز کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کیا جائےگا، شاہ محمود قریشی اپنی تقریر مکمل کریں گے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ساڑھے 12 بجے تک وقفہ کیا تھا، مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے سے زائد کی تاخیر کے باوجود اجلاس شروع نہ ہو سکا۔
اجلاس دوبارہ شروع ہونے میں تاخیر پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے اپوزیشن پارلیمانی رہنماؤں نے مشاورت کی ہے۔
مشاورتی اجلاس اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہوا جس میں اسعد محمود، اختر مینگل، خالد مگسی، شاہ زین بگٹی، محسن داوڑ، شاہدہ اختر علی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور ایوان میں حکومتی حکمتِ عملی سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔
اس دوران سابق صدر، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر پہنچ گئے ۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ووٹنگ کے لیے حکومت کے تاخیری ہتھکنڈوں پر بات چیت ہوئی۔