وزیراعظم عمران خان کے لیے سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی کے انتظامات کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے سیکریٹری داخلہ کو اس حوالے سے خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خط میں کہا کہ عمران خان کے سابق وزیراعظم کے طور پر سیکیورٹی کا انتظام کیا جائے اور اس حوالے سے مجوزہ طریقہ کار کے تحت انتظامات عمل میں لایا جائے۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری داخلہ نے خط ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو ضروری کارروائی کے لیے مارک کردیا ہے اور استفسار کیا کہ سابق وزیراعظم کو کونسی سیکیورٹی ملتی ہے؟ آگاہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری داخلہ نے یہ بھی استفسار کیا کہ وزارت عظمیٰ سے الگ ہونے کے بعد سیکیورٹی کی نوعیت کیا ہوگی؟ اس حوالے سے مکمل سیکیورٹی جائزہ رپورٹ فراہم کی جائے۔

دوسری طرف وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی وزارت چھوڑنے پر سیکیورٹی مانگ لی ہے۔

شیخ رشید نے اپنے خط میں کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے، رینجرز کی سیکیورٹی بھی دی جائے۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے دونوں خطوط کا جائزہ لے رہی ہے، پروٹوکول کے مطابق سابق وزیراعظم کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں