اسلام آباد (ڈیسک رپورٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہناہے کہ فوج کے خلاف بات نہ کریں کیونکہ اگر فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوگئے ہوتے، اس وقت ملک کو عمران خان سے زیادہ فوج کی ضرورت ہے۔
ٹوئٹر سپیس پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فوج کے ادارے کے خلاف کبھی بات نہ کریں، عمران خان سے زیادہ اس ملک کو فوج کی ضرورت ہے، ہمیں ہمیشہ اس کی مضبوطی کی بات کرنی چاہیے، ہمارے دشمن ہماری فوج کو کمزور کرنے کی کوشش میں رہتے ہیں، نواز شریف اور زرداری نے ہمیشہ فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کی ، ہمیں سمجھنا چاہیے کہ اگر ہماری فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہوگئے ہوتے۔ عدلیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ زندگی میں ایک ہی بار جیل گئے ہیں اور وہ آزاد عدلیہ کیلئے گئے ہیں، جب تک اس ملک میں ہمارا عدالتی نظام مضبوط نہیں ہوتا اور طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لے کر آتاتب تک ملک کا کچھ نہیں ہوسکتا۔ بدقسمتی سے ہمارا نظامِ عدل طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لاسکتا، تیسری دنیا کے تمام ممالک میں یہی مسئلہ ہے کہ وہاں بھی نواز شریف اور زرداری بیٹھے ہوئے ہیں جو کرپشن کر رہے ہیں اور انہیں پکڑا نہیں جا رہا، قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک خوشحال نہیں ہوسکتا۔