(ق)لیگ کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری حسین الہٰی نے قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کیلئے کاغذات جمع کرادیے ہیں۔

اسلام آباد (ڈیسک رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کی نشستوں سے مستعفی ہوچکے ہیں جب کہ ماضی کی تمام اپوزیشن جماعتیں اب اتحادی حکومت تشکیل دے چکی ہیں ایسے میں سوال یہ پیدا ہو رہا تھا کہ اپوزیشن میں کون بیٹھے گا اور اپوزیشن لیڈر کون ہوگا لیکن اب اس سوال کا جواب بھی مل گیا ہے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کے چچا زاد بھائی،سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے چوہدری حسین الہٰی نے قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف کیلئے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے اپوزیشن لیڈر کیلئے کاغذات ان خبروں کے بعد جمع کرائے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ اتحادی حکومت اور پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ساز باز سے اپوزیشن لیڈر لانے کی تیاری کر رہے ہیں،چوہدری حسین الہٰی نے کہا کہ وہ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے اور نہ ہی امپورٹڈ اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
خیال رہے کہ موجودہ سیاسی صورت حال میں مسلم لیگ ق بھی دو حصوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔ چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین حکومتی اتحاد کا حصہ بن گئے ہیں اور وفاقی وزیر بن چکے ہیں جب کہ چوہدی پرویز الہٰی تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے جلسے میں پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے بھی خطاب کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں