اسلام آباد : مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کے بیٹے چوہدری سالک حسین کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کے بعد چوہدری خاندان میں دراڑ واضح ہوگئی ہے۔
جمعہ کو ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر عارف علوی نے وفاقی وزراء جاوید لطیف، چوہدری سالک حسین اور آغا حسن بلوچ سے حلف لیا۔
حلف برادری کے بعد سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت کا ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے بیٹے نے ان سے پوچھ کر وزیراعظم شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا۔ اور یہ سب کچھ ان کے مشورے سے ہوا ہے۔
مگر دوسری طرف چوہدری شجاعت کے کزن پرویز الٰہی اور ان کے بیٹے مونس الٰہی پنجاب میں کھل کر وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ کی مخالفت کر رہے ہیں اور مونس الٰہی نے جمعرات کو پی ٹی آئی کے لاہور جلسے سے خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے حمزہ شہباز پر شدید تنقید کی۔
دونوں بڑے چوہدریوں کی علیحدہ علیحدہ سیاسی راہیں اختیار کرنے پر واضح ہو گیا کہ چوہدری خاندان اب ماضی کی طرح سیاسی طور پر متحد نہیں رہا۔