لاہور(بیوروچیف)پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے مابین آنے والے جنرل الیکشن میں سینٹرل پنجاب اور جنوبی پنجاب کے قومی اسمبلی کے تقریبا 13 کے قریب حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولہ طے پا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سینٹرل پنجاب کی سابق صدر پیپلز پارٹی پنجاب اور مشیر وزیر اعظم قمر زمان کائرہ کی نشست پر ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے اس نشست پر ن لیگ اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی,اسی طرح سے جنوبی پنجاب کے اہم شہر ملتان سے یوسف رضا گیلانی کے مقابلے میں بھی ن لیگ امیدوار نہیں دے گی۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کا یہ کام رحیم یار خان میں بھی مکمل کر لیا گیا ہے جس کے مطابق مخدوم خاندان اور عامر کورہجہ والی نشست پر بھی ن لیگ امیدوار نہیں کھڑے کرے گی اور ان نشستوں پر پیپلز پارٹی کا پی ٹی آئی سے ون ٹو ون مقابلے والی فضاء قائم کی جاے گی۔پیپلز پارٹی کے ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اسی طرح پنجاب میں صوبای نشستوں پر بھی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کا کام مکمل ہو چکا ہے وقت آنے پر اس کا باقاعدہ اعلان کیا جاے گا۔زرایع کا دعوی ہے کہ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کا یہ کام گزشتہ دنوں دونوں جماعتوں کے بڑوں یعنی میاں نواز شریف اور بلاول بھٹو کی لندن میں ملاقات کے دوران طے پایا تھا۔