منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی سے بچ گئے،سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست خارج

اسلام آباد(ڈیسک رپورٹ)سپریم کورٹ نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست خارج کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے سے متعلق صدارتی ریفرنس پر چیف جسٹس عمرعطابندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے۔ فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ تین دو کی اکثریت سے فیصلہ سنایا جاتا ہے۔
سپریم کورٹ نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کی اپیل خارج کردی ہے، جس کے بعد منحرف ارکان تاحیات نااہلی سے بچ گئے ہیں۔

سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس میں تاحیات نااہلی کا سوال صدر مملکت کو واپس بھیج دیا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ منحرف ارکان کی نااہلی کیلئے قانون سازی کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، وقت آگیا ہے منحرف ارکان سے متعلق قانون سازی کی جائے، انحراف پر نااہلی کے لیے قانون سازی کا درست وقت یہی ہے۔
خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کا ریفرنس21 مارچ کو سپریم کورٹ بھیجا تھا، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس سنا، جسٹس اعجازالاحسن،جسٹس مظہرعالم میاں خیل، جسٹس منیب اختر اورجسٹس جمال مندوخیل لارجر بینچ کا حصہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں