اسلام آباد (نئی دنیا نیوز) پاکستان کے رواں مالی سال کے اقتصادی سروے کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق ملک میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوا ہے جب کہ بھینسوں اور بھیڑ بکریوں کی تعداد بھی بڑھی ہے۔
اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران گزشتہ سال کی نسبت گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت ملک میں گدھوں کی تعداد 57 لاکھ ہے۔ گدھوں کی تعداد میں مسلسل تیسرے سال اضافہ ہوا ہے۔ رواں سال گھوڑوں کی تعداد چار لاکھ اور خچروں کی تعداد تین لاکھ پر برقرار رہی۔اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021-22 کے دوران مویشیوں کی تعداد میں 3.26 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد 13 لاکھ کے اضافے سے چار کروڑ 37 لاکھ ہوگئی۔ بھیڑوں کی تعداد تین لاکھ بڑھ کر تین کروڑ 19 لاکھ، بکریوں کی تعداد 22 لاکھ اضافے سے آٹھ کروڑ تین 25 لاکھ ہوگئی۔