کراچی (نئی دنیا نیوز) روسی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے روسی دورے کے دوران تیل کی تجارت پر بات چیت ہوئی تھی، ہمیں پاکستان کی جانب سے کوئی سرکاری خط موصول نہیں ہوا، اگر پاکستانی حکومت ہم سے رابطہ کرے گی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے۔روسی قونصلیٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آندرے فیڈروف نے کہا کہ روس پر لگنے والی پابندیاں پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بھی متاثر کرسکتی ہیں، یوکرین کے ساتھ تنازعے کا فوری حل نظر نہیں آرہا، یوکرین امن مذاکرات کیلئے سنجیدہ نہیں ہے، نئی پاکستانی حکومت سمجھدار ہے، ہم امید کرتے ہیں تجارتی معاملات اور تیل کی خریداری کے معاملے کو بہتر انداز میں ڈیل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ روس پاکستان سمیت دیگر دوست ممالک کو سستے تیل کی فراہمی میں دلچسپی رکھتا ہے، اگر پاکستانی حکومت ہم سے رابطہ کرے گی تو ہم سستا تیل فراہم کریں گے، یہ صرف ایک بہانہ ہے کہ پاکستان کے پاس روسی خام تیل کو ٹریٹ کرنے کیلئے ریفائنریز نہیں ہیں۔