اسلام آباد(نئی دنیا نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی نہ سمجھے لانگ مارچ ختم ہو گیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پوری قوت سے لانگ مارچ لاؤں گا۔
صحافیوں سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کل کے بجٹ کے بعد یقین ہے کہ حکومت 2 ماہ بھی نہیں چلے گی، آئی ایم ایف کسی صورت موجودہ بجٹ نہیں مانے گی، عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک پاکستان کی امداد نہیں کر رہے، ان کو بھی موجودہ حکومت کی نااہلی پر یقین ہے، اور انہیں پتہ ہے کہ لوگ بھی ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں اسلام آباد آوں گا،ہم نے بڑی تعداد میں عوام کو سڑکوں پر نکالا، موجودہ سیاسی عدم استحکام سے نکلنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں، انتخابات کی تاریخ ملنے تک جدوجہد جاری رکھوں گا۔