عثمان بزدار کے دور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کرپشن کا گڑھ تھا، نذیر چوہان سابق رہنما پی ٹی آئی

اسلام آباد(ڈیسک نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما نذیر چوہان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اداروں نے بار بار کہا کہ اپنی کارکردگی درست کریں اور عثمان بزدار کو تبدیل کریں لیکن انہوں نے کبھی ان کی بات نہیں سنی اور وسیم اکرم پلس کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے رکھا،اداروں نے کہا کہ اگر پتہ ہوتا کہ آپ اتنے نالائق ہیں تو کبھی آپ کو لے کر نہ آتے لیکن ہمارے کہنے پر کم از کم بزدار کو تو بدل دو۔

نجی نیوز چینل کے پروگرام میں ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کے دور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کرپشن کا گڑھ تھا۔ ایک ایک بندے کیلئے وہاں پر ڈیل ہوتی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ عمران خان نے اس شخص کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا ہی اس لئے تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن عثمان بزدار کو آگے کرکے کوئی اور کر رہا تھا۔ ابھی پتہ نہیں کرپشن کے اور کتنے کیسز سامنے آنے والے ہیں۔ فرح گوگی جیسے بے شمار قصے نکلیں گے،
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو وسیم اکرم پلس کہتے تھے لیکن اتنی خراب کارکردگی کے باوجود کبھی ان کو تبدیل نہیں کیا گیا۔ حتیٰ کہ اداروں تک نے ان کو کہا تھا کہ یہ آپ کیا کر رہے ہیں؟ ہم تو انگلی پکڑ کر آپ کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔نذیر چوہان نے دعویٰ کیا کہ اداروں کی جانب سے عمران خان سے کہا گیا کہ عثمان بزدار کو تو پتہ تک نہیں کہ حکومت چلانا کسے کہتے ہیں۔ یہ باتیں پی ٹی آئی چیئرمین کو تین مرتبہ کہی گئیں۔ ایک مرتبہ تو میرے سامنے کہا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں