لندن (نئی دنیا نیوز )انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں جاری مسلمانوں پر تشدد کے واقعات پر مذمت کا اظہار کیا ہے،بھارت میں تنظیم کے سربراہ کا کہنا ہےکہ بھارت مسلمان مظاہرین پر پرتشدد کریک ڈاؤن بند کرے۔
نجی نیوز چینل کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بھارت میں سربراہ آکار پٹیل کا کہنا ہے کہ امتیازی سلوک پر آواز اٹھانے والے مسلمانوں پر بھارتی حکومت کریک ڈاؤن کررہی ہے، من مانی حراست،گھروں کی مسماری بھی انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہےان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان مسلمان مظاہرین پر پرتشدد کریک ڈاؤن بند کرے۔ایمنسٹی انٹر نیشنل نے مظاہرین کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے
واضح رہے کہ گزشتہ جمعے کو بھارت کے مختلف شہروں میں توہین رسالت ﷺ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے لیکن انتہاپسند ہندوؤں اور پولیس نے بھارتی شہر رانچی میں فائرنگ کر کے 16 سالہ نوجوان سمیت 2 افراد کو قتل کیا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ان تمام واقعات میں سب سے اہم بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر الہٰ باد میں ویلفیئر پارٹی کے رہنما محمد جاوید کی گرفتاری اور ان کا گھر مسمار کرنا ہے ۔