فنانشل ایکشن ٹاسک فورس گرے لسٹ سے متعلق پاکستان سمیت دیگر ممالک کے سٹیٹس کا اعلان آج کرے گا

اسلام آباد (نئی دنیا نیوز)فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) گرے لسٹ سے متعلق ممالک کے سٹیٹس کا اعلان آج کرے گا جس میں پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے پرامید ہے۔

نجی نیوز چینل کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جاری ایف اے ٹی ایف اجلاس کا آ ج آخری روز ہے جس میں اجلاس کے اختتام پر آج لسٹ سے متعلق سٹیٹس کا اعلان ہوگا۔وفاقی حکومت سے منسلک ایک ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ملنے والی اطلاعات یہی بتا رہی ہیں کہ اس بار معاملہ پاکستان کے حق میں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اگر گرے لسٹ سے نکالا جاتا ہے تب بھی معاملات طے ہونے میں وقت درکار ہو گا اور اس میں 7 سے 8 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ گرے لسٹ سے نکلنے کی صورت میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی تاکہ خود تسلی کر سکیں کہ ان کی سفارشات پر کام مکمل ہو چکا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم کو رہ جانے والی دو سفارشات میں قانون میں ترمیم کے ساتھ ساتھ اس کے نفاذ سے متعلق خدشات ہیں جن کا اظہار وہ کئی بار کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں