لاہور(نئی دنیا نیوز) مسلم لیگ(ق) نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی حمایت کردی، چودھری پرویزالہی نے پارٹی رہنماؤں کوبھرپورمہم چلانے کی ہدایت ہے،
ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ق نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، اسپیکر چودھری پرویز الہٰی سے مسلم لیگ ق راولپنڈی کے صدرزبیر خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات بارے بات چیت کی گئی، اس موقع پر مسلم لیگ ق نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کر دی۔
چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ پارٹی رہنماء تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی بھر پور مہم چلائیں، تجربہ کاری کا دعویٰ کرنے والے عوام کے سامنے بُری طرح ایکسپوز ہوچکے، موجودہ حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو تباہ کر کے عوام کو مزید بری خبروں کے لیے تیار رہنے کا کہا جارہا ہے۔ بجلی، گیس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔
چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عوام میں حکمرانوں کے خلاف غصے کی لہر ہے۔ عوام ضمنی انتخاب میں نااہل حکمرانوں کے خلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ دیں گے۔