پی ٹی اے کے بلاک فون خود بخود ان بلاک ہونے لگے ، مختلف افواہوں کا بازار گرم

اسلام آباد(نئی دنیا نیوز) بیرون ملک سے لائے گئے سمارٹ فونز ٹیکس ادا نہ کرنے پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی طرف سے بلاک کر دیئے جاتے ہیں، تاہم اب اس حوالے سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے کہ بعض صارفین کے بلاک کیے گئے فون خود بخود ہی ان بلاک ہو گئے ہیں۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ان صارفین کے طرف سے یہ خبر سوشل میڈیا پر لوگوں کے ساتھ شیئر کی گئی ہے۔
ان صارفین نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ان کے فون بھی ٹیکس ادا نہ کرنے کی وجہ سے بلاک ہو گئے تھے تو ان میں ایک بار سم کارڈ ڈال کر چیک کر لیں۔ ہو سکتا ہے ان کے فون بھی ان بلاک ہو چکے ہوں۔رپورٹ کے مطابق اس صورتحال پر افواہوں کا بازار گرم ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ نئی حکومت نے بیرون ملک سے سمارٹ فونز کی درآمد پر سابق حکومت کی طرف سے عائد کیا گیا بھاری ٹیکس ختم کر دیا ہے،
یہی وجہ ہے کہ بلاک فون پی ٹی اے کی طرف سے ان بلاک کیے جا رہے ہیں۔تاہم پی ٹی اے کی طرف سے اس افواہ کی تردید سامنے آ چکی ہے۔ پی ٹی اے کے ترجمان خرم علی مہران نے کہا ہے کہ پی ٹی اے نے محض کچھ فون ان بلاک کیے ہیں جن کا مقصد لوگوں کو ٹیکس دینے کی ترغیب دینا ہے کہ وہ ٹیکس ادا کریں اور اپنے فون ان بلاک کروائیں۔جو فون ان بلاک کیے گئے ہیں، اگر انہوں نے ٹیکس نہ دیا تو 60دن بعد وہ دوبارہ بلاک کر دیئے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں