گجرات(نئی دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بھائی سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کر دیا، 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی، چوہدری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں، شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین نے چودھری حسین الٰہی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ ہم نئی جماعت بنائیں گے، 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی، شجاعت حسین کو انکے بیٹوں نے یرغمال بنارکھا ہے، شجاعت حسین کو اولاد خراب کر رہی ہے، الیکشن کسی وقت بھی متوقع عوام کی رائے سے کوئی لا علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ( ق) لیگی سربراہ نے مجھے کہا ہے کہ عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے ایک ہیں، کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی آگے ہے جبکہ دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے۔ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی،
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی خاندان سے قربت ہوتے دیکھ کر کبھی آصف علی زرداری، کبھی وزیراعظم شہباز شریف ، کبھی مولانا فضل الرحمان انکے گھر پہنچ جاتے ہیں۔ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیمِ کر دیا۔ زرداری جتنے پیسے بانٹتا پھرتا ہے اتنے چودھری شجاعت خیرات میں دیا کرتے ہیں، افسوس کا مقام ہے شجاعت حسین کابیٹا زرداری سے ڈالرمانگ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار عمران مسعود ہی ہیں، چوہدری شجاعت حسین اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں۔ جونیجو دور سے لیکر کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا جب جدہ گئے تب ساتھ چھوڑا۔ مشرف کا ساتھ اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے۔ عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کرینگے ،سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، پی ڈی ایم اے کو جب تک ٹیک دینے والے اور باہر کی قوتیں ساتھ ہیں وہ چلیں گے وگرنہ دو دن نہیں چل سکتی۔