اسلام آباد (نئی دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے صحافی عمران ریاض خان کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک کو فسطائیت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے تاکہ قوم ایک امپورٹڈ حکومت کو قبول کرلے۔ اب وقت ہے کہ سب لوگ بالخصوص میڈیا اکٹھا ہوجائے اور اس فسطائیت کے خلاف آواز اٹھائے۔خیال رہے کہ عمران ریاض کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے گرفتار کیا گیا ہے، ان کی گرفتاری کے وقت پولیس اور ینجرز کی بھاری نفری موقع پر موجود تھی، انہیں اٹک پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف اٹک میں غداری کا مقدمہ درج ہے۔ گرفتاری سے قبل عمران ریاض نے گاڑی میں ہی ایک ویڈیو ریکارڈ کروائی جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، ان کے اسلحہ لائسنس لیے گئے اور اب ایک ہی چیز یعنی گرفتاری باقی رہ گئی تھی، وہ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام کرتے رہیں۔