اسپین (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ٹرین کا سفر کرنا ہو تو ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے مگر ایک ملک میں ریل گاڑی سے مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یورپی ملک اسپین میں حکومت نے مہنگائی کی شرح میں اضافے کے باعث سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کو پہلے ہی 50 فیصد کم کردیا ہے مگر اب متعدد ٹرینوں میں مفت سفر کی سہولت متعارف کرائی جارہی ہے۔
حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ پبلک ٹرین نیٹ ورک رینفی کی متعدد ٹرینوں میں مسافر مفت سفر کرسکیں گے۔
مفت سفر کی اس سہولت کا آغاز ستمبر سے ہوگا۔
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچر نے اعلان کیا کہ ٹرینوں میں لوکل اور درمیانے فاصلے کے سفر مفت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سہولت یکم ستمبر سے 2022 کے آخر تک عوام کو دستیاب ہوگی۔
مگر اس کی ایک شرط ہے، اس کے لیے مسافروں کو ملٹی جرنی ٹکٹ کو لینا ہوگا اور ایک بار کے سفر کے ٹکٹ یا طویل فاصلے کے سفر پر یہ سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔
اسپین کی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے افراد کی شرح میں اضافہ ہوگا۔
ویسے اسپین واحد یورپی ملک نہیں جس کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کی جارہی ہے۔
جون میں جرمنی نے 9 یورو کے ٹکٹ پر ایک ماہ تک ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر مفت سفر کے پروگرام کا آغاز کیا تھا جو اگست کے اختتام تک جاری رہے گا۔
2021 کے آخر میں آسٹریا نے کلائمٹ ٹکٹ کو متعارف کرایا تھا جو اس ملک کے اندر ہر طرح کی پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، تاکہ لوگ گاڑیوں کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کریں۔
اس ٹکٹ کی سالانہ قیمت 1267 ڈالرز ہے یا روزانہ کے ساڑھے 3 ڈالرز۔