لاہور : پنجاب میں آج 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں دونوں بڑی حریف سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کئی سیاسی خاندانوں کے ایسے 24 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں، جن کے خاندانوں کے کئی افراد ماضی میں گورنر، وزیراعلیٰ،وفاقی و صوبائی وزرا، سپیکر،، ممبران اسمبلی اور بلدیاتی اداروں کے سربراہ رہے ہیں۔
ان سیاسی خاندانوں کی اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے ،
ان خاندانوں میں ملتان کے قریشی، مظفر گڑھ کے جتوئی اور بخاری، ڈیرہ غازی خان کے کھوسہ ، جھنگ کے بھروانہ، سرگودھا کے اعوان،بھکر کے نوانی اور نیازی خاندانوں کے امیدوار قابل ذکر ہیں جو ایک بارپھر پارٹیاں بدل کرانتخابی میدان میں موجود ہیں۔
ان امیدواروں کے انتخابی حلقوں میں زبردست کانٹے دار مقابلوں پرعوام کی نظریں مرکوز ہیں۔ ملتان کے صوبائی حلقہ سے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مخدوم زین حسین قریشی قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوکر صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ان کے دادا مخدوم سجاد حسین قریشی مسلم لیگ دور میں سینیٹر اور گورنر پنجاب رہے جبکہ ان کے والد مخدوم شاہ محمود قریشی پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے دور میں وزیر خارجہ اور مسلم لیگ نون کے دور میں صوبائی مشیر رہے۔ مخدوم زین قریشی کے کزن ظہور حسین قریشی پی ٹی آئی کے مستعفی رکن قومی اسمبلی ہیں ۔
مظفر گڑھ سے مسلم لیگ نون کی واحد خاتون امیدوار سیدہ زہرہ باسط کے والد ڈاکٹر خاور علی شاہ پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی جبکہ شوہر سید باسط سلطان پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی ہیں جبکہ ساس اور سسر عبداللہ شاہ بخاری اور سیدہ زہرا بتول اور دیور ہارون باسط بخاری مسلم لیگ نون ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ قاف کے ادوار میں رکن اسمبلی اور وزیر رہے۔
ان کے مدمقابل سردار معظم جتوئی کے خاندان کے افراد سردار نذر محمد جتوئی، سردار عبدالقیوم جتوئی، سردار نصر اللہ جتوئی مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور میاں منظور وٹو کے دور میں رکن قومی اور صوبائی اسمبلی رہے۔
ڈیرہ غازی خان سے پی ٹی آئی کے امیدوار سردار سیف الدین کھوسہ کے والد سردار ذوالفقار خان کھوسہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے دور میں گورنر پنجاب اور صوبائی وزیر رہے جبکہ بھائی سرداردوست محمد کھوسہ وزیراعلیٰ پنجاب، چھوٹے بھائی سردار محی الدین کھوسہ اس وقت پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی ہیں۔
ان کے مدمقابل مسلم لیگ نون کے امیدوار عبدالقادرکھوسہ کے والد سردار امجد فاروق کھوسہ اور سردار محسن عطا کھوسہ مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کے دور میں رکن قومی و صوبائی اسمبلی رہے ہیں، سردار امجد فاروق کھوسہ پی ٹی آئی کے منحرف رکن قومی اسمبلی ہیں۔
جھنگ سے مسلم لیگ نون کے مہر اسلم بھروانہ اور ان کے بھائی سلطان سکندر بھروانہ مسلم لیگ نون اور مسلم لیگ قاف کے رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر رہ چکے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار مہر نواز بھروانہ مسلم لیگ نون اور وٹو کے دور میں رکن پنجاب اسمبلی رہے جبکہ ان کے خاندان کے مہر غلام حیدر بھروانہ بھٹو دور میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے تھے، ان کی صاحبزادی غلام بی بی بھروانہ مسلم لیگ قاف اور پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی اور وزیر رہیں، غلام بی بی کی والدہ بھی اس وقت رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔
بہاؤلنگر سے مسلم لیگ نون کے امیدوار فدا حسین وٹو کے والد عبدالغفار وٹو اور ان کے بھائی میاں خادم حسین وٹو مسلم لیگ نون اور وٹو دور میں رکن اسمبلی اور وزیر رہے جبکہ فدا حسین وٹو اور ان کے بھتیجے عبدالغفار وٹو پی ٹی آئی کے منحرف رکن پنجاب و قومی اسمبلی ہیں۔
ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے سید آفتاب رضا سابق وزیر و رکن قومی اسمبلی سید اصغر علی شاہ کے بھتیجے ہیں۔ بھکر سے مسلم لیگ نون کے سعید اکبر نوانی متعدد بار مسلم لیگ نون، مسلم لیگ قاف ، میاں منظور احمد وٹو اور پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اور وزیر رہ چکے ہیں۔
نوانی خاندان کے سربراہ خان اصغر خان نوانی ، سعید اکبر کے بھائی رشید اکبر نوانی، کزن حمید اکبر نوانی بھی مسلم لیگ قاف اور مسلم لیگ نون کے دور میں رکن قومی و صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار عرفان خان نیازی کے بھائی انعام اللہ نیازی اور نجیب اللہ نیازی مسلم لیگ نون کے رکن صوبائی اسمبلی رہے ہیں۔
سرگودھا سے پی ٹی آئی کے امیدوار احسن اسلم کے بھائی ملک عمر اسلم اعوان پی ٹی آئی کے ایم این اے ہیں وہ قبل ازیں مسلم لیگ نون اور مسلم لیگ قاف کے دور میں بھی رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں ان کے ماموں ملک نعیم اعوان بھی متعدد بار مسلم لیگ نون کے ایم پی اے اور ایم این اے رہ چکے ہیں۔
فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی افضل ساہی کے والد چودھری افضل ساہی مسلم لیگ قاف کے دور میں سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ نون کے دور میں صوبائی وزیر رہ چکے ہیں، ان کے تایا کرنل غلام رسول ساہی بھی قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔
ان کے علاؤہ پی پی 7 سے پی ٹی آئی کے امیدوار کرنل ر شبیر اعوان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے پی پی 125 سے مسلم لیگ ن کے فیصل حیات جبوانہ اور ان کے والد غضنفر جبوانہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے ایم پی اے اور ان کے مدمقابل میاں اعظم چیلا بھی مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں ساہیوال سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نعمان لنگڑیال ان کے والد ملک اقبال لنگڑیال اور ملک فتح شیر لنگڑیال بھی پیپلز پارٹی مسلم لیگ ق وٹو دور میں رکن قومی وصوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر رہے ہیں۔
پی پی 224 سے پی ٹی آئی کے امیدوار سید اقبال شاہ مسلم لیگ ن کے ایم این اے اور پی پی 228 سے مسلم لیگ ن کے نزیر احمد خان پی ٹی آئی اور ان کے والد احمد خان بلوچ متعدد بار مسلم لیگ ن اور ق لیگ کے ٹکٹ پر ایم پی اے رہ چکے ہیں۔