شیخ رشید بھی انتہائی لالچی ہیں، آڈیو لیک کا کریڈٹ میڈیا کو جاتا ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ گل زمان پرویز الہیٰ کا فرنٹ مین ہے، سب اس کو جانتے ہیں، شیخ رشید بھی انتہائی لالچی ہیں، آڈیو لیک کا کریڈٹ میڈیا کو جاتا ہے، شہباز گل کے ساتھ نجی کمپنی کے سکیورٹی گارڈز کو ایف سی جیسی وردی پہنائی گئی، اعلیٰ سطح انکوائری ہوگی، جو بھی ملوث ہوا قانون کی گرفت میں آئے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی، 3140 پولنگ سٹیشنز میں سے صرف 14 پولنگ سٹیشنز پر معمولی نوعیت کے ناخوشگوار واقعات پیش آئے، کسی بھی پولنگ سٹیشن کے اندر سے الیکشن کمیشن کے انتظامات سمیت دیگر امور کے بارے میں کوئی شکایت نہیں آئی، مظفر گڑھ واقعہ پر متعلقہ نجی کمپنی کو معطل کر دیا گیا ہے، ضمنی انتخابات کے دوران پولیس، رینجرز اور پاک فوج نے امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا، کسی بھی واقعہ میں کوئی فرد زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی شہری نے کسی کے خلاف کوئی مقدمہ درج کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ سٹیشن کے اندر الیکشن کمیشن کے انتظامات سمیت دیگر مسائل کے بارے میں کوئی بھی شکایت نہیں ملی، ضمنی انتخابات کے احسن انداز میں انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے قابل ستائش اقدامات کئے اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل کے ساتھ موجود ایک نجی کمپنی کے اہلکار کو ایف سی جیسی یونیفارم پہنائی گئی، سکیورٹی کمپنیاں ریٹائرڈ اہلکار بھرتی کرتی ہیں، ایف سی کے ریٹائرڈ اہلکار ساتھ رکھنا مناسب نہیں، اس معاملہ کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کی جائیں گی، اس معاملہ میں جو بھی غیرقانونی کام میں ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو ووٹرز پانچ بجے کے بعد پولنگ سٹیشن کے احاطہ میں موجود ہوں گے صرف وہی ووٹ ڈال سکیں گے، تمام ووٹرز سے گذارش ہے کہ وہ وقت پر پہنچ کر اپنا ووٹ ڈالیں، ان ضمنی انتخابات میں عوام کا جوش و خروش دیدنی ہے، یہ ضمنی نہیں بلکہ منی جنرل الیکشن بن گیا ہے، عام طورپر ضمنی انتخابات میں ٹرن آئوٹ 25 سے 30 فیصد رہتا ہے لیکن ان انتخابات میں ٹرن آئوٹ 40 فیصد سے بھی زیادہ ہو گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے دوران اسلحہ پر پابندی لگائی گئی تھی، اس کا موثر اثر ہوا ہے، ضمنی انتخابات کے دوران پنجاب حکومت ، پنجاب پولیس اور آئی جی پولیس نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، رینجرز نے بہترین کوئیک رسپانس فورس کے طورپر کام کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ شہباز گل کے رویہ نامناسب ہے، وہ خواہ مخواہ میں امن و امان کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں، انتظامیہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے تاہم اس نے زبردستی گرفتاری دی ہے، انہیں پتہ ہے کہ وہ ہار جائیں گے اس لئے وہ اس طرح کی حرکتیں کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمشید اقبال چیمہ کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، انکوائری کے بعد قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔

وزیر داخلہ نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنز پر سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، پولنگ کے خاتمہ کے بعد پریذائیڈنگ افسران کی سکیورٹی کیلئے بھی بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں، ضمنی انتخابات کے دوران پولیس، رینجرز اور فوج نے امن و امان برقرار رکھنے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں