لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ممبر پنجاب اسمبلی بننے اور پھر گزشتہ روز استعفیٰ دینے والے جلیل شرقپوری نے مبینہ آڈیو لیک پر شیخ رشید کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتاہوں کہ شیخ رشید دو نمبر آدمی ہے ۔
اپنے ویڈیو پیغام میں جلیل شرقپوری نے کہا کہ میں نے پہلے ہی تنبیہہ کی تھی کہ علیم خان آپ کے ساتھ وفادار نہیں ، اب بھی میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہا ہوں کہ شیخ رشید دو نمبر آدمی ہے ۔ویڈیو پیغام میں جلیل شرقپوری نے کہا کہ شیخ رشید عمران خان کا دشمن ہے ، شیخ رشید کسی کے کہنے پر جھوٹ بول رہاہے ، میں شیخ رشید کو جانتا ہی نہیں ، ماضی میں ایک بار ان کے دفتر گیا تھا جب کرتار پور رہداری کا افتتاح ہو رہا تھا ، اس کے علاوہ میں نے بھی شیخ رشید کی تصویریں دیکھیں ہیں، انہوں نے بھی میری دیکھی ہوں گی ۔خیال رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی مبینہ آڈیو لیک ہو گئی جس میں وہ گل زمان نامی شخص سے کہہ رہے ہیں کہ پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے پیمنٹ دیدی ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق شیخ رشید اور گل زمان نامی شخص کی مبینہ آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ شیخ رشید نے کہا کہ پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے پیمنٹ دے دی ، جس پر گل زمان نامی شخص نے کہا کہ یہ ٹیلیفون ہے خدا کے بندے ، صورتحال دیکھیں انشا اللہ بیڑہ پار ہوگا۔