اسلام آباد (نئی دنیا نیوز)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ کیس کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناانصافی کرنی تھی اس لیے فل کورٹ نہیں بنایا گیا۔اسلام آبار میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو نوازنا تھا اس لیے فل کورٹ تشکیل نہیں دیا گیا، یکطرفہ فیصلہ اور انصاف کا قتل کرنا تھا اس لیے فل کورٹ نہ بنایا، مجھے پورا یقین تھا کہ فل کورٹ نہیں بنے گا، فل کورٹ بنتا تو جو فیصلہ آیا ہے وہ نہیں آتا۔
مریم نواز نے کہا: ’فل کورٹ سے عمران خان کے لیے فیصلہ دینا مشکل ہو جاتا، عمران خان کو ثاقب نثار نے جو صادق امین کا سرٹیفکیٹ دیا اس نے ملک تباہ کیا، سپریم کورٹ کا فیصلہ عدالتی قتل ہے اور انصاف کا قتل ہے، عمران خان کی باری آتی ہے تو کہا جاتا ہے کہ پارٹی سربراہ کی کوئی حیثیت نہیں، آپ نے کوئی ناانصافی نہ کرنا ہوتی تو کہتے فل کورٹ بناتے ہیں‘۔انہوں نے کہا: ’پرویز الٰہی کی وزارت اعلیٰ 3 ججز کی دین ہے، پرویز الٰہی عدالتی وزیر اعلیٰ ہیں، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ آپ نے منتخب کرنے ہیں تو اسمبلیاں کس لیے ہیں، آئین سازی کرنا عدالت کا کام نہیں پارلیمنٹ کا کام ہے، کسی بھی ادارے کی عزت تکریم اس کے غیر جانبدار فیصلوں سے ہوتی ہے، آپ سمجھ رہے ہیں ہم اس فیصلے کو سر جھکا کر تسلیم کرلیں گے تو ایسا نہیں ہوگا‘۔