لاہور(نئی دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق )کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے ووٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ اور تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کے امیدوار سبطین خان نے کہا کہ یہ میرا الیکشن نہیں، پارٹی کا الیکشن ہے،ہم متحد ہیں، کل جب پرویز الہیٰ کا الیکشن تھا تب بھی ڈٹے تھے آج بھی ڈٹے ہیں، کل میں جیتا تو عمران خان اور چوہدری پرویز الہیٰ جیتیں گے۔
اس موقع پر پرویز الہیٰ نے کہا کہ اللہ نےہمیں امتحانات میں کامیابیاں عطا کی ہیں، اکثریت سے سبطین خان کو بطور اسپیکر کامیاب کرائیں گے۔
تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دوست مزاری کی غیر قانونی رولنگ کے خلاف فیصلہ تاریخی تھا، اب گورنر راج کے شوشے چھوڑے جارہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سبطین خان کو منتخب کرنا ہےاور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کو فارغ کرنا ہے، اسپیکر کا الیکشن ہماری کامیابی پر مہر لگائے گا۔