پی ٹی آئی کی پنجاب میں ایک اور کامیابی، سبطین خان 185ووٹ لیکر سپیکر منتخب

لاہور (نئی دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار سبطین خان پنجاب اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے۔

پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی کی جانب سے سبطین خان کی کامیابی کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ سبطین خان ہاؤس کے نئے کسٹوڈین ہوں گے۔تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سبطین خان نے 185 ووٹ لیے۔ ان کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سیف الملوک کھوکھر اتحادی جماعتوں کے امیدوار تھے، انہوں نے 175 ووٹ حاصل کیے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلئے ڈالے گئے4 ووٹ مسترد ہوئے۔سبطین خان کی کامیابی پر تحریک انصاف اور مسلم لیگ( ق) کے ارکان کی جانب سے ایوان میں نعرے بازی کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار ملک سیف الملوک کھوکھر نے سبطین خان کو سپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب چوہدری پرویز الہٰی کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کے بعد کرایا گیا۔ پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس کے دوران ارکان نے خفیہ طریقے سے اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔ ووٹنگ کے دوران ایک بار اس وقت تنازعہ پیدا ہو جب مسلم لیگ (ن )کے احتجاج کے باعث کچھ وقت کیلئے پولنگ روکنا پڑی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں