پشاور (نئی دنیا نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ عدالتوں کو درخواستیں دے کر اور منت سماجت کرکے حق حاصل نہیں کرسکتے، آپ عوام کے نمائندے ہیں اور عوام میں آکر ان کے گریبان پر ہاتھ ڈال کر اپنا حق حاصل کریں۔
پشاور میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے پگڑیاں سر جھکانےکے لیے نہیں سر اٹھانے کے لیے پہنی ہیں، کسی بھی ادارے کا طاقت ور کان کھول کر سن لے ہمیں کسی کی غلامی قبول نہیں کی،ہم کسی کا رعب و دبدبہ برداشت نہیں کریں گے، اگر ہمارے خلاف اداروں نےکیسز بنائے تو ہم وہ فائلز ان کے منہ پر ماردیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی طاقت کے ذریعے عمران خان کو لایا گیا تھا،کوئی جتنا بھی طاقت ورکسی بھی ادارے میں ہے ہم کسی سے خوف زدہ نہیں، ضمنی الیکشن ایک پارٹی کی طرح لڑيں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی طاقت کے ذریعے عمران خان کو لایا گیا تھا،عمران خان کے گھرکا کرایہ 9 سال تک امریکی قونصلیٹ دیتا رہا، فارن فنڈنگ کیس میں اسرائیل اور بھارت سے پیسا آیا، امریکی قونصلیٹ سے پیسا لینے والے آزادی کی بات کرتے ہیں، جس کی کابینہ کے سارے مشیر امریکا یابرطانیہ کے شہری ہوں وہ ہمیں آزادی کا درس دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اندازہ نہیں تھا کہ حالات ایسے خراب ہوں گے، بین الاقوامی اداروں کے ساتھ ایسے معاہدے کیےگئےکہ اب وہ بات نہیں مان رہے، اعتماد کے فقدان کے باعث امریکا اور آئی ایم ایف مشکلات پیدا کر رہا ہے، مشکلات سے نکلنےکے لیے دقت محسوس کر رہے ہیں۔