وزیراعظم شہباز شریف کا خیبر پختونخوا میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد (نئی دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا صوبہ میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں انسداد پولیو کی مہم کو مزید بہتر بنانے کے لئے خصوصی ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس کے ساتھ اپنی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیا۔ اور بتایا کہ بل گیٹس سے پولیو کے خاتمہ سمیت عوامی صحت کے مختلف جاری منصوبوں کے علاوہ پاکستان میں بی ایم جی ایف کی معاونت سے سماجی شعبہ میں جاری مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں بل اینڈ ملینڈ گیٹس فائونڈیشن کا مشکور ہوں جو پاکستان میں عوامی صحت کی بہتری اور سماجی شعبہ کے مختلف پروگراموں میں گراں قدر معاونت فراہم کررہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں نئے پولیو کیسز کے بڑھتے ہوئے اعدادوشمار کی تصدیق باعث تشویش ہے۔ ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر اور بہتر بنانے کیلئے ایک خصوصی ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔


بل گیٹس کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ مختلف شعبوں میں پہلے سے جاری اشتراک کار کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوں وزیراعظم بل گیٹس سے کہا کہ ہماری حکومت سماجی شعبہ کی ترقی کیلئے ہر سطح پر اقدامات کو وسعت دے رہی ہے اور ہم اپنی ضروریات کے مطابق اقدامات کے حوالے سے ضلعوں کو زیادہ بااختیار بنا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پولیو پروگرام کے اراکین کو تحفظ اور سکیورٹی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے اور انسداد پولیو پروگرام کے فرنٹ لائن ورکرز حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔

اس موقع پر بل گیٹس نے فائونڈیشن کی جانب سے بچوں کے پولیو وائرس سے تحفظ سمیت دیگر مختلف پروگراموں میں معاونت کا عمل جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں